بین الاقوامی کمیشن پہلگام حملے کی تحقیقات کرے،وزیر دفاع

وزیردفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ شہباز شریف پہلے کہہ چکے ہیں کہ بین الاقوامی کمیشن بن جائے جو پہلگام واقعے کی تحقیقات کرے۔
خواجہ آصف کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اطراف کسی بھی جگہ حملہ کر سکتا ہے۔بھارت کو ان شاءاللہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وزیردفاع نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی عالمی تحقیقات سے پتا چل جائے گا کہ بھارت خود ملوث ہے یا وہاں کا کوئی گروپ، یہ بھی واضح ہو جائے گا کہ جو پاکستان پر الزام لگ رہا ہے اس میں کیا صداقت ہے۔اس چیز کا فیصلہ ہو جانا چاہیے کہ نریندر مودی جھوٹ بول رہا ہے یا سچ بول رہا ہے، اس کے بعد اس کو کہیں کہ نریندر مودی تم جھوٹے ہو، ساری دنیا کا امن تباہ کر رہے ہو، مودی سے کہیں کہ تم نے بر صغیر کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مودی صرف اپنا ووٹ بنانے کے لیے ڈرامہ کر رہا ہے، بھارت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، خیبر پختونخوا میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت ہم نے 2016 اور 2017 میں اقوام متحدہ میں دیے تھے، ان ثبوتوں میں ویڈیوز موجود ہیں کہ بھارت کیسے لوگوں کو پیسے دے کر دہشت گردی کرواتا ہے۔