ایران پاکستان سے چاول اور گوشت خریدنےپررضامند

ایران نے بڑی مقدار میں پاکستانی چاول اور اپنی ملکی ضرورت کا تقریباً 60 فیصد گوشت پاکستان سے درآمد کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے ایران میں ہونے والے اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا۔
رانا تنویر حسین کے مطابق ایران نے اپنی چاول کی زیادہ تر درآمدات پاکستان سے کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اسی طرح پاکستانی آموں کی برآمدات میں حائل رکاوٹیں بھی دور کی جائیں گی اور ایران نے آموں کے درآمدی پرمٹس کے اجرا اور زرمبادلہ سے متعلق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مذاکرات میں گوشت اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو خاص اہمیت دی گئی، جس کے تحت ایران اپنی ضرورت کا 60 فیصد گوشت پاکستان سے خریدے گا۔ علاوہ ازیں ایران نے مکئی کی بڑی مقدار درآمد کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ اس کی برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے گا۔
پاکستانی اور ایرانی زرعی تحقیقاتی ادارے مشترکہ تحقیقاتی تعاون پر بھی متفق ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک نے زرعی تجارت کے فروغ کے لیے کسٹم کلیئرنس تیز کرنے اور آزاد تجارتی معاہدے کی حمایت پر اتفاق کیا ہے۔ فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ہر چھ ماہ بعد اجلاس کر کے پیش رفت کا جائزہ لے گی۔
