اسحاق ڈار کی ترک کمپنیوں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیدی ۔
استنبول میں منعقدہ پاکستان ترکیہ بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو توانائی، معدنیات، انفراسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، لاجسٹکس، سیاحت اور دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مل کر خطے کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات ہمیشہ باہمی اعتماد، احترام اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت پر مبنی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور انسانی امداد سمیت مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سیاسی اعتماد کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی معیشت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جہاں جغرافیائی سیاست، ٹیکنالوجی، سپلائی چین، توانائی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے نئے رجحانات دنیا کی معاشی سمت متعین کر رہے ہیں۔ ایسے ماحول میں وہی ممالک کامیاب ہوں گے جو باہمی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی جغرافیائی اہمیت انہیں یورپ، ایشیا، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کو جوڑنے والا قدرتی پل بناتی ہے، اس لیے اس اسٹریٹجک محل وقوع کو اقتصادی فائدے میں تبدیل کرنا دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے معیشت کے استحکام، سرمایہ کار دوست ماحول، شفاف پالیسیوں اور کاروبار میں آسانیوں کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔
انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو توانائی، کان کنی، معدنیات، بجلی، انفراسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، زراعت، لاجسٹکس، سیاحت اور دفاعی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
