بلوچستان ایف سی کمپاؤنڈ حملے میں 7 سکیورٹی اہلکار شہید

شمالی بلوچستان میں ایف سی کمپاؤنڈ مسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا، جس کے دوران چھ دہشت مارے گئے اور سات سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے.
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 12 مئی کی شام کو دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرنے کے بعد شروع ہوا تھا،کلیئرنس آپریشن 13 مئی کی صبح مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس میں یرغمالیوں کو بچانے کا آپریشن شامل تھا اور ساتھ ہی ایک رہائشی بلاک سے تین خاندانوں کو بچانا تھا۔ دہشت گردوں نے اپنے خوفناک عزائم سے بچوں کو بھی نہیں بخشا ۔ کمپاؤنڈ میں موجود تمام چھ دہشت گرد، جو پوری طرح اسلحے سے لیس تھے، کو ہلاک کردیا گیا۔ان کے روابط کا پتہ لگانے اور سہولت کاروں کو گرفتار کرنے اور ان کے اسپانسرز کو بے نقاب کرنے کے لیے انٹیلی جنس فالو اپ جاری رکھا جائے گا۔
