جیٹ فیول کی قیمت میں بڑا اضافہ،فضائی سفر مزید مہنگا ہونے کا امکان

 

 

 

وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کے برعکس مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی جبکہ جیٹ فیول کی قیمت میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 41 روپے 80 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 318 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

 

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 21 روپے 7 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 287 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 265 روپے 84 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

 

دوسری جانب جہازوں میں استعمال ہونے والا جیٹ فیول 53 روپے 11 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمت 388 روپے 55 پیسے سے بڑھا کر 441 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق جیٹ فیول مہنگا ہونے سے کمرشل پروازوں کے ٹکٹ مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے، جس کا براہ راست اثر فضائی سفر کرنے والے مسافروں پر پڑے گا۔

بے گناہ کو سزا دینے سے 10 گنہگاروں کو چھوڑنا زیادہ بہتر ہے، سپریم کورٹ

واضح رہے کہ گزشتہ شب جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ بھی کیا تھا۔ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی پر حکومت نے ریلیف دینے کے بجائے عوام پر لیوی کا بوجھ ڈال دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرول پر لیوی 13روپے 91 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے، جس سے پیٹرول پر لیوی کی شرح 117روپے41 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔اسی طرح ڈیزل پر بھی پیٹرولیم لیوی 13روپے 91 پیسے فی لیٹر بڑھادی گئی ، جس سے ڈیزل پر لیوی کی شرح 42روپے 60 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے فیصلے پر عوامی حلقے سراپا احتجاج ہیں۔

Back to top button