صدر آزاد کشمیر کیلئے شاہ غلام قادر،وزیراعظم کیلئےطارق فاروق فیورٹ

صدر آزاد کشمیر کیلئے شاہ غلام قادر جبکہ وزیراعظم کیلئے چوہدری طارق فاروق فیورٹ قرار دیدیاگیا۔
مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرلیا۔ مری میں میاں نواز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی، وزیراعظم کے انتخاب اور دیگر اہم عہدوں کے لیے ناموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں صدر آزاد کشمیر، وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر اہم عہدوں کے لیے امیدواروں کے نام زیرِ غور آئے۔ پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا اختیار میاں نواز شریف کو سونپ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف آئندہ چند روز میں آزاد کشمیر کے قائدِ ایوان کے نام کا اعلان کریں گے۔ صدر آزاد کشمیر کے عہدے کے لیے شاہ غلام قادر جبکہ وزیراعظم کے لیے چوہدری طارق فاروق کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی، جبکہ سینئر وزیر کے عہدے کے لیے ممکنہ ناموں پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے نام بھی پارٹی قیادت کی سطح پر زیرِ غور آئے۔ خواتین، ٹیکنوکریٹ، اوورسیز پاکستانیوں اور علما کی نشستوں کے لیے موصول ہونے والے ناموں پر بھی مشاورت کی گئی۔
مسلم لیگ ن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں گڈ گورننس، تعمیر و ترقی، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی ترجیحات میں شامل کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آزاد کشمیر میں پنجاب کی طرز پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
آزاد کشمیر میں قائدِ ایوان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آئندہ ہفتے مکمل ہونے کا امکان ہے۔
