تیسری مذاکراتی نشست کیلئے بیرسٹر گوہر کے حکومت سے رابطے تیز

پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت کے درمیان ڈیڈلاک کے باوجود مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ آگے بڑھانے کیلئے بیرسٹر گوہر نے کوششیں شروع کردیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات کی تیسری نشست کے انعقاد کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے رابطے تیز کردیے ہیں۔

پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ گزشتہ روز دو روزہ نشستوں کے بعد کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا تھا، جبکہ دونوں فریقین کے درمیان بدستور ڈیڈلاک برقرار ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے متحرک ہیں اور تیسری نشست کے انعقاد کے حوالے سے مختلف رہنماؤں اور متعلقہ فریقین سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے متعدد سینئر رہنما بھی لانگ مارچ شروع ہونے سے قبل مذاکرات کے ذریعے معاملات طے ہونے کے خواہاں ہیں اور چاہتے ہیں کہ بات چیت کسی نتیجے تک پہنچے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات کے دوران خیبرپختونخوا حکومت 72 گھنٹوں کے اندر تحریری معاہدہ اور اس پر عملدرآمد کا منصوبہ پیش کرنے پر رضامند ہوئی تھی۔

محسن نقوی کے مطابق مذاکرات کے دوران کے پی حکومت تحریری معاہدے اور بہتر سکیورٹی پلان پر بھی رضامند ہوگئی تھی، تاہم آخری مرحلے میں صوبائی حکومت نے اپنے وعدوں سے انکار کردیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبہ اس وقت حالتِ جنگ میں ہے اور ایسے نازک حالات میں سکیورٹی کے معاملے کو سیاست کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے۔

Back to top button