ایران نے امریکا سے آبنائے ہرمز پر بات چیت اور نئی پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کردیا

تہران نے آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات کو مذاکرات میں شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے امریکی پابندیوں کے خاتمے کو بھی ضروری قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا پہلے ہی جواب دے چکا ہے، جبکہ واشنگٹن کی حالیہ تجاویز بھی سابقہ تجاویز سے زیادہ مختلف نہیں اور ان کا بنیادی محور جوہری معاملہ ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات پر خصوصی توجہ چاہتا ہے اور امریکا کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔
ایرانی ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں بعض اہم نکات زیرِ غور ہیں، جبکہ کچھ اضافی نکات بھی امریکا تک پہنچائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران مذاکرات کے حوالے سے اپنے مؤقف اور تحفظات سے آگاہ کرچکا ہے اور آئندہ اقدامات میں آبنائے ہرمز اور امریکی پابندیوں سمیت دیگر اہم معاملات کو بھی پیش نظر رکھا جائے گا۔

Back to top button