گوگل نے جیمنائی میں میپس ٹول کا اضافہ کردیا
نیا میپ ٹول فی الحال جیمنائی کی موبائل ایپ پر دستیاب ہے، صارفین اپنے اردگرد کے علاقوں اور مخصوص مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے

گوگل نے اپنی مقبول سروس میپس کو جیمنائی اے آئی ایپ کا حصہ بنا دیا ہے۔
اس مقصد کے لیے کمپنی نے ایک میپ ٹول جیمنائی کا حصہ بنایا ہے، جو فی الحال صرف موبائل پر دستیاب ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اس ٹول کی آزمائش فروری 2026 سے کی جارہی تھی اور اب اسے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز میں متعارف کرادیا گیا ہے۔
یہ نیا ٹول فوٹوز، کیمرا، اواتار، فائلز، ڈرائیو اور نوٹ بکس کے ساتھ نظر آتا ہے۔
جب صارف جیمنائی میں اس ٹول کو سلیکٹ کرتا ہے تو اس کی لوکیشن ایک میپ میں نظر آتی ہے اور اردگرد کے علاقے کے گرد دائرہ بنا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
صارف اس میں زوم اِن اور زوم آؤٹ کرکے مخصوص جگہ کو سرچ کرسکتا ہے، جبکہ نیچے موجود ’’ایکسپلور دی ایریا‘‘ آپشن پر بھی کلک کیا جاسکتا ہے۔
اس آپشن پر کلک کرنے سے میپ پر ایریا اور لوکیشن لیبل نظر آتا ہے، جس کے بعد صارف جیمنائی سے کسی مقام کے بارے میں سوال کرسکتا ہے۔
فی الحال یہ میپ ٹول جیمنائی کی موبائل ایپ پر ہی دستیاب ہے، تاہم امکان ہے کہ اسے بہت جلد ڈیسک ٹاپ کے لیے بھی متعارف کرادیا جائے گا۔
