رونالڈو کے پرتگال ٹیم چھوڑنے پر انسٹاگرام فالوورز میں 20 لاکھ کی کمی

ہیڈ کوچ سے مبینہ اختلافات کے بعد رونالڈو کے کیمپ چھوڑنے اور جرسی نمبر 7 کسی اور کھلاڑی کو دیے جانے پر مداحوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ہیڈ کوچ جورج جیسس سے مبینہ اختلافات کے بعد قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑنے پر پرتگال فٹبال ٹیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بڑے پیمانے پر مداحوں کی ناراضی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق رونالڈو نے رات 2 بجے پرتگال کی ٹیم کو چھوڑا، جس کے چند گھنٹے بعد صبح 10 بجے منتظمین نے ان کا مشہور جرسی نمبر 7 ایک دوسرے کھلاڑی کو الاٹ کردیا۔
رونالڈو کی جرسی کا نمبر اتنی جلدی کسی دوسرے کھلاڑی کو دیے جانے پر ان کے مداحوں میں شدید بے چینی اور غم و غصہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد دنیا بھر میں ان کے شائقین نے پرتگال کی قومی ٹیم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ان فالو کرنا شروع کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پرتگال ٹیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ فالوورز تھے، جن میں سے راتوں رات تقریباً 20 لاکھ افراد نے اکاؤنٹ کو ان فالو کردیا۔ اس کے بعد فالوورز کی تعداد کم ہو کر تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ رہ گئی ہے اور اس میں مزید کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
رونالڈو کا جرسی نمبر 7 حاصل کرنے والے کھلاڑی نے بتایا کہ وہ یہ نمبر لینا نہیں چاہتے تھے۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنے کوچز سے یہ بھی کہا تھا کہ رونالڈو کے جانے کے فوراً بعد ان کا نمبر لینا مناسب نہیں اور ہمیں ان کی عزت کرنی چاہیے۔
تاہم، کھلاڑی کا کہنا ہے کہ کوچز کی جانب سے دباؤ ڈالے جانے کے بعد انہیں رونالڈو کا جرسی نمبر 7 قبول کرنا پڑا۔

Back to top button