زاہد خان کا کے پی حکومت پر کابل اور نئی دہلی سے روابط کے الزامات
سینیٹر زاہد خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس اپنے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں، ایسی صورتحال میں مذاکرات کیسے کامیاب ہوسکتے ہیں؟

سینئر سیاستدان سینیٹر زاہد خان نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ صوبائی حکومت کے فیصلوں پر بیرونی اثرات ہیں۔
ایک بیان میں زاہد خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس اپنا کوئی اختیار نہیں اور اس کے معاملات کابل سے جبکہ کابل کے معاملات نئی دہلی سے متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسی صورتحال میں مذاکرات کیسے کامیاب ہوسکتے ہیں؟
سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ وفاقی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تقریباً 12 گھنٹے مذاکرات کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ مذاکراتی ٹیم بھی بات چیت کو کامیاب بنانے کی خواہاں تھی اور ایک مرحلے پر وہ بعض معاملات پر رضامند بھی ہوگئی تھی، اس کے باوجود مذاکرات کسی نتیجے تک نہ پہنچ سکے۔
