احسن اقبال کا پی ٹی آئی پر انتشار کے ذریعے دشمن کا ایجنڈا آگے بڑھانے کا الزام
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کے ذریعے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ سیاسی انتشار بھی ملک کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

نارووال: وفاقی وزیر احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک میں انتشار اور فساد پیدا کرکے دشمن کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت اسلام آباد میں احتجاج اور انتشار کا محاذ گرم کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کی جانب مارچ کیلئے موجودہ وقت کا انتخاب کیوں کیا۔
وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ملک دشمن عناصر کے آلہ کار نہ بنیں، کیونکہ سڑکوں پر تصادم، لاٹھی اور گولی کے استعمال سمیت کسی بھی قسم کا انتشار پاکستان کیلئے نقصان دہ ہوگا۔
احسن اقبال کے مطابق حکومت نے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے کیلئے سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ کوشش کی اور کئی معاملات پر اتفاق رائے بھی پیدا ہوگیا تھا، تاہم ان کے بقول باہر سے آنے والے ایک پیغام کے بعد مذاکرات ناکام ہوگئے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کی موجودہ سیاسی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک انصاف نہیں بلکہ تحریکِ انتشار ہے۔ احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے لانگ مارچ کے ذریعے باہر نہیں آسکتے۔
وفاقی وزیر نے مزید الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا میں پیدا کیا جانے والا سیاسی انتشار دہشتگردوں کیلئے سہولت کا باعث بن رہا ہے۔
