محسن نقوی اہم ملاقاتوں کیلئے پشاور پہنچ گئے

وفاقی وزیر داخلہ پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، مذاکرات کی ناکامی کے بعد سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پشاور روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں صوبے کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے حوالے سے محسن نقوی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بات چیت کے ناکام ہونے کی ذمہ داری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر عائد ہوتی ہے اور مذاکرات کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق مذاکرات کے دوران معاہدے کے مسودے میں چار مرتبہ تبدیلی کی گئی، جبکہ 99 فیصد نکات پر اتفاق ہوچکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر کو معاہدہ دکھانے کے بعد واپس آنے پر سہیل آفریدی کی جانب سے دوبارہ تبدیلیاں کروائی گئیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ اگر حتمی فیصلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہی کرنے تھے تو انہیں خود مذاکرات میں شریک ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ خدانخواستہ کسی کی جان گئی تو اس کی ذمہ داری بھی سہیل آفریدی پر ہوگی۔

Back to top button