شاہ عبداللہ دوم کا راولپنڈی میں دفاعی اداروں کا دورہ، پاک فوج کی مشقوں کو سراہا

اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے راولپنڈی میں پاکستان کے دفاعی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز ( جی آئی ڈی ایس ) کا دورہ کیا اور پاک فوج کی فائر اینڈ منور ایکسرسائز کا معائنہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) کا دورہ کیا، جی آئی ڈی ایس پہنچے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور انہیں پاکستانی دفاعی صنعت اور ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور اردن کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری پر زور دیا اور مستقبل میں عسکری تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا
آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ دوم نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ بھی کیا، اس دوران وزیراعظم شہباز شریف بھی فیلڈ فائرنگ رینج میں موجود تھے جب کہ آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت بھی شرکا میں شامل تھے۔
شاہ عبداللہ دوم نے پاک فوج کی فائر اینڈ منور ایکسرسائز کا معائنہ کیا،مشترکہ مشق میں روایتی و فضائی فائر پاور اور جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیاگیا، شاہ عبداللہ دوم نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت پر خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شاہ عبداللہ دوم کے ہمراہ شہزادی سلمیٰ بنت عبداللہ سمیت سول و عسکری حکام کا اعلیٰ سطح وفد بھی موجود تھا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ شاہ عبداللہ دوم کی آمد پاک-اردن دوستی کی مضبوطی کا ثبوت ہے،ساتھ ہی پاکستان اور اردن کے درمیان دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔
