5لاکھ  ٹیکس چوروں کی  موبائل سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ

ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کی 5 لاکھ سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس ضمن میں 4 لاکھ انڈر فائلرز کی شناخت کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور عید کے بعد انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق ٹیکس چوروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے عید الفطر کے بعد نان فائلرز اور انڈر فائلرز کے موبائل فونز کی 5 لاکھ سمیں بلاک کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔

اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ ایف بی آر عید الفطر کے بعد انکم ٹیکس جنرل آرڈر (آئی جی ٹی او) جاری کرے گا جیساکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی مشاورت سے 4 لاکھ انڈر فائلرز کی شناخت کی تیاریاں کرلی گئی ہیں جنہوں نے قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود اپنے ریٹرن فائل کرنے کی زحمت نہیں کی۔

ایف بی آر کے پاس ان کے لین دین کے بارے میں معلومات ہیں اور انہیں نوٹس بھیجے گئے تھے لیکن انہوں نے اپنے ریٹرن جمع نہیں کروائے، ایک لاکھ نان فائلرز ہوں گے جن کی شناخت ایف بی آر کے براڈننگ ٹو ٹیکس بیس (بی ٹی بی) کے ذریعے کی گئی ہے اور ان کی سمز کو بھی بلاک کر دیا جائے گا۔

Back to top button