پاکستان سے 28لاکھ سےزائدافغان مہاجرین کی واپسی مکمل

پاکستان سے مجموعی طور پر 28 لاکھ 7 ہزار 250 جبکہ پنجاب سے 1 لاکھ 43 ہزار 474 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا جاچکا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلاء کی مہم میں محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی ونگ کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ حکومتی پالیسی کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جارہا ہے جہاں ضروری دستاویزی عمل مکمل کرنے کے بعد انہیں وطن واپس بھجوایا جاتا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 28 لاکھ 7 ہزار 250 جبکہ پنجاب سے 1 لاکھ 43 ہزار 474 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا جاچکا ہے، حکومتِ پاکستان کی واضح پالیسی کے مطابق قابلِ قبول ویزا کے بغیر تمام افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی ہے اس حوالے سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر میں رہائشی علاقوں اور مارکیٹس میں 4 لاکھ سے زائد سرچ آپریشن کیے گئے۔

اس دوران پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے والے 803 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں جہاں 153 افغان شہری موجود ہیں۔

 

 

Back to top button