انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں پھر توسیع

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کرتے ہوئے نئی تاریخ 31 اکتوبر مقرر کر دی ہے۔
تجارتی تنظیموں کی پرزور درخواست پر کیا جانے والا یہ فیصلہ ملک بھر کے ٹیکس دہندگان کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کر دی ہے، جس کے تحت اب شہری اور تاجر برادری 31 اکتوبر تک اپنے ریٹرنز جمع کروا سکیں گے۔
اس سے قبل ایف بی آر نے 30 ستمبر کو ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں پہلی توسیع کرتے ہوئے اسے 15 اکتوبر تک بڑھایا تھا۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ تجارتی تنظیموں کی جانب سے کی جانے والی اپیلوں اور درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں یہ مزید توسیع کی گئی ہے۔
ملک میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کا رجحان مسلسل بڑھ رہا ہے اور اب تک گوشوارے جمع کرانے والوں کی مجموعی تعداد 68 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
