پشاور سکول سانحے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی

پشاور کی دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کی ابتدائی رپورٹ ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے صوبائی حکومت کو ارسال کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ سکول کی نچلی بلڈنگ کے سائیڈ والے کلاس روم میں پیش آیا۔

تیسری منزل سے چھت نیچے گری جو 20 سے 25 فٹ اونچائی پر واقع تھی۔ سکول کے تمام کمروں کی تیار چھتیں لگی ہوئی تھیں، تاہم سب سے بالائی منزل کی چھت بارش کے باعث خستہ ہو چکی تھی۔

رپورٹ کے مطابق سکول کے مالک خان محمد کو بچوں نے چھت کے بارے میں آگاہ بھی کیا تھا۔ مالک نے چھت کو عارضی سہارا دے کر آج سکول میں بچوں کو بلایا تھا۔

ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ کمروں کے ساتھ عمارت کے دیگر حصوں کو بھی غیر موزوں قرار دے دیا ہے۔ سکول کی رجسٹریشن کے حوالے سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

Back to top button