ملکی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے امکانات ہیں،وزیرخزانہ

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے امکانات ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بنکاک میں موڈیز کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ، معاشی اشاریوں اور عالمی سرمایہ منڈیوں تک رسائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ کی مودیز کے نمائندوں سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان کے معاشی منظرنامے اور خودمختار کریڈٹ پروفائل کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر فریقین نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری، مالیاتی اور بیرونی شعبوں کے اشاریوں میں پیش رفت اور بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کے امکانات پر گفتگو کی۔

وزیر خزانہ نے آگاہ کیا کہ پاکستان بیرونی قرضوں کے مجموعی حجم میں اضافہ کیے بغیر مہنگے اور قلیل مدتی قرضوں کی جگہ طویل مدتی مالی وسائل حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ملاقات میں قرضوں کے انتظام اور مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے طویل مدتی وسائل کے حصول سے متعلق اقدامات بھی زیر بحث آئے۔

پاکستانی وفد نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، جاری کھاتے کے خسارے کو محدود رکھنے اور سٹیٹ بینک کی فارورڈ واجبات میں کمی کو اجاگر کیا۔ وفد نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد ساختی اصلاحات جاری رکھی جائیں گی اور برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں مزید بہتری کے امکانات پر موڈیز کے نمائندوں سے آرا طلب کیں۔ ملاقات میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ درجہ بندی کے جائزے کے دوران سیاسی خطرات اور معاشی کارکردگی کو مناسب طور پر مدنظر رکھا جائے۔

 

Back to top button