جاسوسی کیلئے استعمال ہونیوالے آلات پر پابندی کا فیصلہ

حکومت پنجاب نے جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے آلات پر پابندی عائدکرنےکا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہےکہ یہ فیصلہ حکومت پنجاب نے شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیےکیا ہے۔ خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس عینکوں، پین، گھڑیوں اور دیگر ڈیوائسز پر مکمل پابندی ہوگی۔
ترجمان کے مطابق جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال اور خرید وفروخت پر قانونی کارروائی کی جائےگی ۔
ترجمان کے مطابق خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانےکے لیے جاسوسی کے آلات پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جاسوسی کے آلات کے ذریعے غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ خفیہ کیمروں سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیاء کے غیر قانونی استعمال پر سخت سزا ہوگی۔
