فیلڈمارشل سےسعودی عرب کے نئے سفیر کی ملاقات

پاکستان میں سعودی عرب کے نئے تعینات ہونے والے سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور تزویراتی سطح پر باہمی رابطہ کاری بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ڈاکٹر راجح طامی البقمی کو پاکستان میں سعودی عرب کا سفیر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ سعودی سفیر کی تعیناتی سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ مذہبی عقیدے، باہمی اعتماد اور تزویراتی شراکت داری کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور نئے سعودی سفیر کا دور تعیناتی ان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرےگا۔
