حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا : ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہےکہ پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دوٹوک ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، مشرق وسطیٰ تنازع پر مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنا ناگزیر ہے۔
عرب نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ بہت کم وقت میں آگے بڑھا ہے،یہ معاہدہ تین مالک کی سوچ کا مجموعہ ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ سعودی عرب کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کےلیے اولین ترجیح ہے، حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا،پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دوٹوک ہے،پاکستان کا پیغام سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل کے ذریعے پہلے ہی سامنے آچکا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مقدس مقامات پر حملوں پر عوام،سیاسی اور عسکری قیادت میں شدید غم و غصہ ہے،تنازعات کے اتار چڑھاؤ کسی بھی سطح پر بڑھانے سے کسی ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے فوجی تنازع کو مزید پھیلانا کسی کے مفاد میں نہیں،مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنا ناگزیر ہے،مذاکراتی حل میں ناکامی اور فوجی تصادم پر مکہ الائنس کا اجتماعی ڈیٹرنس حرکت میں آئے گا،مکہ الائنس کی قیادت اور لائحہ عمل واضح ہے کہ اس کا کوئی جارحانہ ارادہ نہیں۔
انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بننے چاہئیں : وزیراعلیٰ بلوچستان
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان،سعودی عرب اور ترکیے خطے میں امن، استحکام اور خوش حالی پر یقین رکھتےہیں،یہ اتحاد کسی خاص ملک کے خلاف نہیں،اس اتحاد کا مقصد خطے میں امن،استحکام اور سلامتی کو فروغ دیناہے، مسلمانوں کو آپس میں لڑنے کے بجائے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
