بلوچستان : سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک، بم دھماکے میں میجر وجاہت شہید

 

 

 

 

بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز  نے فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتےہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ  پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے جب کہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جام شہادت نوش کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی جو مقامی آبادی کےلیے خطرہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو سکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، علاقے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری تھاکہ اس دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیزمواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایاگیا۔

دھماکے کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنےوالے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے، 34 سالہ میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا،انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران مادر وطن کے دفاع میں جان قربان کردی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔

سکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

کیا حکومت اورPTIکے مابین مذاکرات کی بحالی ممکن ہے؟

آئی ایس پی آر کےمطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنےوالے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونےوالی دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں۔

 

Back to top button