پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس : لانگ مارچ کی ناکامی سہیل آفریدی پر عائد

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی ناکامی اور مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے پر پارٹی قیادت کے کردار سے متعلق سوالات اٹھائے گئے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اجلاس میں بعض رہنماؤں نے لانگ مارچ کی ناکامی کی ذمہ داری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مارچ کے منصوبے سے مرکزی اور صوبائی قیادت کو لاعلم رکھا۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کاکہنا ہےکہ اجلاس میں شریک بیشتر ارکان نے مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار محمود خان اچکزئی کو ٹھہرایا،جب کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی مردان سے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور منتقلی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
اجلاس کے دوران ایک رہنما نے سوال اٹھایاکہ سہیل آفریدی مردان سے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور کیوں منتقل ہوئے؟ اس پر پارٹی کے ایک مرکزی رہنما نے مؤقف اختیار کیاکہ لوگوں کی تعداد کم ہونے کے باعث وزیراعلیٰ نے مردان میں قیام نہیں کیا۔
احتجاجی و مزاحمتی سیاست نےPTIکا دھڑن تختہ کیسے کیا؟
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بیرسٹر سیف کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر کور کمیٹی کے ایک رکن نے تجویز دی کہ بیرسٹر سیف کو دوبارہ فعال کیاجائے تاکہ پارٹی معاملات میں ان کے کردار سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔
