دو ہزار سال قدیم نایاب تصویر نمائش کیلئےپیش کردی گئی

مصر نے دوسری صدی عیسوی کے نادر اور تاریخی فن پارے ’ٹونڈو آف دی ٹو برادرز‘ (دو بھائیوں کی گول تصویر) کی بحالی کے بعد اس کی رونمائی کردی۔ یہ فن پارہ قدیم مصری تاریخ کے مشہور فیوم ممی پورٹریٹس کے مجموعے کا حصہ ہے۔

مصری حکام کے مطابق روم سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے مصری عجائب گھر (التحریر) کے تحفظِ آثار کے ماہرین کے ساتھ مل کر تین ہفتوں تک اس فن پارے کی بحالی کا کام کیا۔

فیوم ممی پورٹریٹس قدیم مصری فن اور تدفینی روایات کی اہم علامت سمجھے جاتے ہیں۔ یہ تصاویر عموماً لکڑی کے باریک تختوں پر بنائی جاتی تھیں اور میت کے چہرے پر ممی کے کفن کے اندر رکھی جاتی تھیں۔ ان فن پاروں میں مصری تہذیب کے ساتھ یونانی اور رومی فنون کے اثرات بھی نمایاں ہیں۔

مصر اس تاریخی مجموعے کے ایک بڑے حصے کو روم میں منعقد ہونے والی عارضی نمائش کے لیے بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ اس مجموعے کے فن پارے نمائش کے لیے بیرونِ ملک لے جائے جائیں گے۔

مصر کے وزیرِ سیاحت و آثارِ قدیمہ شریف فتحی نے کہا کہ ’ٹونڈو آف دی ٹو برادرز‘ کی بحالی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور تحقیق کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ایک اہم مثال ہے۔

Back to top button