بھارتی شہری دانت صاف کرتے ہوئے برش ہی نگل گیا

بھارت میں ایک 50 سالہ شخص دانت صاف کرتے ہوئے غلطی سے پورا ٹوتھ برش نگل گیا جسے ڈاکٹرز نے بغیر آپریشن کے معدے سے نکال لیا۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے رہائشی رکشہ ڈرائیور راجندر مالوسرے کو ٹوتھ برش نگلنے کے بعد پیٹ میں ہلکا درد محسوس ہوا جس پر وہ ہسپتال پہنچ گئے۔
ابتدائی ایکسرے میں ٹوتھ برش نظر نہیں آیا، تاہم بعد میں اینڈوسکوپی کے ذریعے معلوم ہوا کہ 19 سینٹی میٹر لمبا ٹوتھ برش معدے میں پھنسا ہوا ہے۔
ڈاکٹرز نے سرجری کے بجائے اینڈوسکوپی کے ذریعے اسے نکالنے کا فیصلہ کیا لیکن ٹوتھ برش کی لمبائی اور سخت ساخت کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تقریباً 30 منٹ کے دوران ٹوتھ برش خوراک کی نالی میں دو مقامات پر پھنس گیا، تاہم ڈاکٹرز نے احتیاط سے اسے منہ کے راستے سے باہر نکال لیا۔
دوبارہ معائنے میں خوراک کی نالی کو کوئی نقصان نہ پہنچنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مریض کو تین سے چار گھنٹے میں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
