صدرمملکت سے وزیراعظم آزاد کشمیرکی ملاقات،اہم امور پرتبادلہ خیال

صدر مملکت آصف علی زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی ملاقات،اہم امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
صدر مملکت آصف زرداری اورانوار الحق کی ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال ، ترقی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر کے شعبہ سیاحت کو بھرپور صلاحیت تک ترقی دینے کی ضرورت ہے ۔آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت سے سماجی و اقتصادی ترقی ، معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی ۔
صدرمملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آزاد جموں و کشمیر کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو جدید ترین ہنر اور تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ہنرمند نوجوان آزاد جموں و کشمیر کی ترقی میں اپنا کردار کریں گے ۔پاکستان کاربن کریڈٹ مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کی مدد کر سکتا ہے۔
صدر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور ان کی حکومت کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کرنے ، قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت بھی دی۔
صدر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متعلقہ واقعات کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔
