شاہین آفریدی ٹاپ 5 بولرز میں شامل ہوگئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے آئی سی سی کی تازہ ون ڈے رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کرلی۔ انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف حالیہ سہ ملکی سیریز میں عمدہ کارکردگی نے پاکستانی کھلاڑیوں کی انفرادی درجہ بندی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی سی سی کی تازہ بیٹنگ رینکنگ میں سابق کپتان بابراعظم 661 پوائنٹس کے ساتھ بدستور 9ویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سلمان علی آغا 622 پوائنٹس کے ساتھ 13ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
سہ ملکی سیریز میں 99 گیندوں پر 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے فخر زمان نے 9 درجے ترقی کرتے ہوئے 548 پوائنٹس کے ساتھ 37ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
دوسری جانب محمد رضوان 2 درجے تنزلی کے بعد 532 پوائنٹس کے ساتھ 44ویں نمبر پر آگئے، صائم ایوب 4 درجے نیچے آکر 68ویں اور شاداب خان ایک درجہ تنزلی کے بعد 93ویں نمبر پر چلے گئے۔
بھارت کے شبھمن گل 841 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے بیٹرز کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔
بولرز کی درجہ بندی میں پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ ترقی کے بعد 621 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ انہوں نے سہ ملکی سیریز کے 5 میچز میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور ان کا اکانومی ریٹ 5.18 رہا۔
پاکستان کے سپنر ابرار احمد ایک درجہ تنزلی کے بعد 642 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے، جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر ترقی پاکر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے اور جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے نمبر پر ہیں۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھی 5 درجے ترقی حاصل کی اور 540 پوائنٹس کے ساتھ 24ویں پوزیشن پر آگئے۔ انہوں نے سہ ملکی سیریز میں 5 میچز کے دوران 7 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کا اکانومی ریٹ 6.13 رہا۔
پاکستان کے دیگر بولرز میں نسیم شاہ 4 درجے تنزلی کے بعد 55ویں، عرفات منہاس 3 درجے نیچے آکر 71ویں، محمد وسیم 4 درجے تنزلی کے بعد 85ویں اور محمد نواز 3 درجے نیچے آکر 94ویں نمبر پر آگئے۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں سلمان علی آغا 3 درجے ترقی کے بعد 189 پوائنٹس کے ساتھ 13ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی 3 درجے بہتری کے بعد 175 پوائنٹس کے ساتھ 16ویں پوزیشن پر آگئے۔
عرفات منہاس نے سب سے زیادہ 36 درجے ترقی حاصل کی اور 143 پوائنٹس کے ساتھ 33ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ دوسری جانب نسیم شاہ 4 درجے تنزلی کے بعد 42ویں پوزیشن پر آگئے۔
