لانگ مارچ،پنجاب سےمزید16ہزارپولیس اہلکاراسلام آباد طلب

اسلام آباد پولیس کو 26 ستمبر کی شام تک تمام سکیورٹی انتظامات مکمل کرنےکی ہدایت کردی گئی، 52 ہزار اہلکارتعینات کیے جائیں گے، 30 ہزار  اہلکار  اٹک میں تعینات ہوں گے تاکہ مظاہرین کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق 6 ہزار اہلکار راولپنڈی جبکہ 16 ہزار وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں تعینات کیےجائیں گے ۔

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے27 ستمبر کے ممکنہ لانگ مارچ کیلئے پنجاب سے 16 ہزار اہلکار مانگ لیے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے سندھ سے 2 ہزار  اہلکار مانگے ہیں، پنجاب اور سندھ سے 3 ڈی آئی جیز، 7 ایس ایس پیز اور 18 ایس پیزبھی طلب کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مارچ سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے 82 کروڑ 70 لاکھ روپے مانگے ہیں، اسلام آباد اور اٹک کے اہم مقامات پر 2 ہزار سے زائد کنٹینرز پہنچا دیےگئے،  ریڈ زون کے داخلی راستوں سمیت اہم شاہراہوں پر تقریباً ایک ہزارکنٹینرز لگائے جائیں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق احتجاج کے پیش نظر 30 ہزار کے قریب اہلکار اٹک میں تعینات ہوں گے، مظاہرین کو منتشر کرنے سے زیادہ گرفتار کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اٹک میں کنٹینرز اور ریت سے بھرے بیگز اہم راستوں اور پلوں پر رکھ دیے گئے ہیں، حکام کے مطابق اسلام آباد پولیس نے اہلکاروں کی نقل و حمل کےلیے 70 کوسٹرز، 30 ڈبل کیبن اور بسیں بھی طلب کر لی ہیں۔

پولیس ڈیوٹی پوائنٹس کے قریب 50 عارضی واش رومز قائم کیے جا رہے ہیں، اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات مسلسل مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نےکہاکہ لانگ مارچ ضرور ہوگا  اور پُرامن ہوگا۔


 

Back to top button