ابھینندن کو گرفتار کرنے والے میجر معیز جنوبی وزیرستان میں شہید

بھارتی پائلٹ ابھینندن کو زندہ گرفتار کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسر میجر سید معیز عباس شاہ جنوبی وزیرستان میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آ) کے مطابق، سراروغہ کے علاقے میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم آپریشن کیا، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔

میجر معیز عباس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے اور انہیں خوارج کے خلاف جرأت مندانہ کارروائیوں میں اہم کردار ادا کرنے پر جانا جاتا تھا۔

یاد رہے کہ 27 فروری 2019 کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر پاکستان نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے، جن میں سے ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو زندہ گرفتار کیا گیا تھا۔

واقعے کے وقت پاکستانی شہریوں کے ہاتھوں ممکنہ تشدد سے ابھینندن کو میجر معیز عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بروقت پہنچ کر تحفظ فراہم کیا اور باقاعدہ گرفتار کیا تھا۔ ان کا یہ اقدام بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔

Back to top button