پاکستانی طالبہ علینا اظہرکوگلوبل ایڈووکیٹ آف پیس ایوارڈمل گیا

پاکستان کی ہونہار طالبہ علینا اظہر کو”گلوبل ایڈووکیٹ آف پیس ایوارڈ” سے نوازدیاگیا۔

پاکستان کی باصلاحیت اور ہونہار طالبہ علینا اظہر کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں "گلوبل ایڈووکیٹ آف پیس ایوارڈ” سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام بنکاک میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران دیا گیا۔

علینا اظہر کو یہ عالمی اعزاز انسانی حقوق کے لیے سرگرم بین الاقوامی تنظیم "وائس فار رائٹس” کی جانب سے ان کی غیرمعمولی فلاحی سرگرمیوں، پسے ہوئے طبقات کی آواز بننے، اور معاشرتی بہتری کے لیے کیے گئے کاموں کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔

طالبہ علینا نے محض 11 سال کی عمر میں فلاحی سفر کا آغاز کیا تھا۔ وہ "آسرا پاکستان” اور "آسرا ترکی” نامی دو رفاہی تنظیموں کی بانی ہیں، جو کچی آبادیوں اور جھونپڑیوں میں مقیم خواتین، غریب خاندانوں، پسماندہ علاقوں کے طلبہ، بزرگ شہریوں اور استنبول میں مقیم شامی مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہیں۔

ان کی تنظیمیں تعلیم، صحت، خواتین کی فلاح اور فنڈ ریزنگ کے ذریعے متعدد ممالک میں مثبت سماجی تبدیلی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔

Back to top button