مریم  نواز لندن ہائیکورٹ سے ہتک عزت کادعویٰ جیت گئیں

توشہ خانہ الزامات میں گھڑی کے معاملے پر پاکستانی ٹی وی چینل نے ہتک عزت کے دعویٰ پر برطانوی عدالت میں مریم نواز شریف سے معافی مانگ لی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے برطانیہ میں ایک اہم قانونی فتح حاصل کرلی، مریم نواز نے یو کے ہائی کورٹ میں نجی نیوز چینل کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

یہ دعویٰ اُس پروگرام کے حوالے سے تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مریم نواز نے بیوروکریٹس کے ساتھ مبینہ کرپشن کے ذریعے توشہ خانہ کی گھڑی خریدی تھی۔

17 نومبر 2022 کو نشر ہونے والے ٹاک شو میں الزام لگایا گیا تھا کہ مریم نواز نے بیوروکریٹس کے ساتھ بدعنوانی پر مبنی ملی بھگت سے توشہ خانہ (سرکاری تحائف کا ذخیرہ) سے ایک گھڑی حاصل کی جس کی اصل مالیت 10 لاکھ روپے تھی مگر وہ صرف 45ہزار روپے میں خریدی گئی۔

مریم نواز کا مقدمہ برطانیہ کی ہائی کورٹ میں ان کے وکلاء کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔

نجی ٹی وی چینل نے توشہ خانہ الزامات میں گھڑی کے معاملے پر برطانوی عدالت میں مریم نواز شریف سے معافی مانگ لی۔

نجی چینل کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا کہ ہم غیر ارادی طور پر  غلط معلومات کی بنیاد پر لگائے گئے الزامات پر مریم نواز کو پہنچنے والی اذیت اور نقصان پر معذرت خواہ ہیں۔

 

Back to top button