جنید صفدر کی مہندی پر مریم نواز کے گانے کی دھوم

جنید صفدر کے نکاح کی تقریب میں مریم نواز کی گائے جانے والے گانوں کی سوشل میڈیا پر دھوم مچنے کے بعد اب مہندی کی تقریب میں مریم کے گائے گئے ایک اور روایتی گانے ’’میرے نیہر سے آج مجھے آیا یہ پیلا جوڑا‘‘ کو سوشل میڈیا پر کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ کئی روز سے جنید صفدر کی شادی کی تقاریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ اب انکی ایک اور ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں مریم نواز اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ ایک تقریب میں شریک ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مریم اور دیگر خواتین مہندی کی پلیٹیں اٹھائے جا رہی ہیں۔ اس دوران مریم نواز شادی بیاہ میں گایا جانے والا روایتی گیت ‘میرے نیہر سے آج مجھے آیا یہ پیلا جوڑا، یہ ہری ہری چوڑیاں‘ گا رہی ہیں۔ اس دوران ان کے ساتھ چلنے والی دیگر خواتین بھی یہی گانا گا رہی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ جنید صفدر اور عائشہ سیف کی مہندی کی یہ تقریب لاہور کے علاقے گرین ایکڑز میں شریف خاندان کے ایک قریبی عزیز کے گھر منعقد ہوئی جس میں دولہا اور دلہن کے خاندان سے تعلق رکھنے والے قریبی افراد نے شرکت کی۔ مہندی کی تقریب میں دلہن عائشہ سیف نے ڈیزائنر بنٹو کاظمی کا خوبصورت عروسی جوڑا زیب تن کیا، سُرخ عروسی جوڑے کے ساتھ انہوں نے ہلکی پھلکی جیولری کا بھی استعمال کیا۔ بتایا گیا ہے کہ عائشہ سیف نے اب تک ہونے والے اپنی شادی کے تمام ایونٹس میں بنٹو کاظمی کے ہی تیار کردہ لباس کا انتخاب کیا ہے۔ دوسری جانب مریم نواز بھی شادی کے دوران اپنے دلکش لباس اور جوتوں کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، جنید صفدر کی مہندی کی تقریب کے لیے مریم نواز نے بھارتی ڈیزائنر ابھینو مشرا کے تیار کردہ دلکش لباس کا انتخاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف میں صرف بدزبان ہی ترقی کیوں پاتے ہیں؟
یاد رہے کہ اس سے پہلے شادی تقریبات کے دوران مریم نواز کی جانب سے مشہور بھارتی گانا ’’چرا لیا ہے تم نے جو دل کو‘‘ بھی گایا گیا جس کو سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے پسند کیا جبکہ بیٹے کی شادی تقریبات کے دوران مریم نواز کے گائے گئے گانے ’’جب کوئی بات بگڑ جائے ‘‘ کو بھی سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔ واضح رہے کہ مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات لاہور میں جاری ہیں، مریم نواز نے بیٹے کی شادی کے موقع پر تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں اور پوری طرح بیٹے کی شادی میں شریک ہیں۔ اس سے پہلے جنید صفدر اور عائشہ سیف کا نکاح 22 اگست کو لندن میں ہوا تھا اور سوشل میڈیا پر اِن کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز بھی خوب وائرل ہوئی تھیں۔
