وزیراعظم کی چودھری شجاعت سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی ہے۔
شہباز شریف نے چودھری شجاعت کیساتھ ملاقات کے دوران ان کی خیریت دریافت کی۔ لیگی صدر نے بیرون ملک پاکستانیوں کو بجٹ سے متعلق تجاویز دیں۔
اسحاق ڈار نے ARY سے دو کروڑ جرمانہ جیت کر عطیہ کردیا
ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت کی تجاویز بہت عوامی ہیں۔ ضرور بجٹ کا حصہ بنائیں گے۔ آپ کے دونوں وزیر بہت محنتی اور دیانتدار ہیں۔
گفتگو کے دوران چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر ملک کومعاشی بحران سے نکالنا ہے۔ وزیراعظم کیساتھ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر سالک حسین، وفاقی وزیر سعد رفیق، صوبائی وزیر ملک احمد خان بھی شریک تھے۔
یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز سے وابستہ صحافی حسن ایوب خان نے خبر دی تھی کہ چودھری شجاعت نے نیا فارمولا بنایا ہے جس کے تحت وہ پنجاب حکومت کو غیر مستحکم نہیں کرینگے اور پرویز الٰہی بطور سپیکر برقرار رہیں گے۔
ٹویٹر پر جاری اپنی خبر میں حسن ایوب خان نے لکھا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو مسلم لیگ ق اور پرویز الہیٰ کے لوگوں کے خلاف مقدمات کے اندراج اور کارروائیوں سے روک دیا گیا ہے جبکہ ق لیگ کے رہنما چودھری مونس الٰہی نے اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ براہ کرم اپنا ذریعہ چیک کریں اور جعلی خبریں پھیلانا بند کریں۔ میں نے سوچا تھا کہ اے آر وائی نیوز اپنے نیٹ ورک پر جعلی خبروں کی اجازت نہیں دے گا۔
صحافی حسن ایوب خان نے اس پر ردعمل میں چودھری مونس الٰہی کو کرارا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ اللہ کے حکم سے میری خبر درست ہے اور آپ کی تردید جعلی ہے۔ چلیں پھر لائیں حمزہ شہباز کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بھی منتظر ہوں آپ لوگ کب یہ تحریک عدم اعتماد لاتے ہیں۔ حسن ایوب خان نے چودھری مونس الٰہی کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ جنرل مزمل کی باتوں میں آ کر پہلے ہی آپ نے اپنے خاندان کو نقصان پہنچا چکے ہیں۔
