ملک میں مون سون بارشیں شروع ہونے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کا پہلا باقاعدہ سپیل  شروع ہونے کی پیشگوئی کردی ۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور سیلابی صورت حال کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

مون سون بارشوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور شہری علاقوں میں سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے، اسی طرح جنوبی پنجاب کے ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر اور میانوالی میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں یکم تا 5 جولائی کے دوران بالائی اور پہاڑی اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ مختلف مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے، دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ اور ملحقہ علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر سیلاب کاخدشہ موجود ہے، استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر، غذر، شگر اور گھانچے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تو مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں یکم سے 6 جولائی تک بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

Back to top button