ایم کیو ایم نے صدرمملکت سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا

ایم کیو ایم پاکستان نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور پی پی کی اعلیٰ قیادت کے استعفوں کا مطالبہ کر دیا ہے۔

سندھ اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے حکمراں جماعت پیپلز پارٹی پر تنقید کے نشتر چلا دیئے اور کہا کہ بجلی ہے، نہ گیس، اور نہ ہی پانی۔ سندھ والوں کا حق مارا جا رہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے خلاف تقریر کی اور وزارتوں سے استعفیٰ دینے کا کہا۔ سندھ سے ہونے والی زیادتیوں پر آپ صدر زرداری کا استعفیٰ لائیں اور پی پی قیادت مستعفی ہو تو بدلے میں ایم کیو ایم اپنی دونوں وزارتوں سے استعفیٰ دے دے گی۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مقبولیت نہیں، کارکردگی کی بنیاد پر عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دیتی۔ پی پی کو الیکٹ ایبلز کی وجہ سے حکومت ملی۔ مخصوص شخصیات کو ہٹا دیں تو پیپلز پارٹی بعض علاقوں سے نہیں جیت سکتی۔ بجارانی، مہر اور شیخ جیسے افراد آزاد الیکشن لڑیں تو پیپلز پارٹی کی اکثریت ختم ہو جائے گی۔

علی خورشیدی نے بجٹ پر کہا کہ بجٹ منظور ہوگیا، لیکن بجٹ پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ یہ بجٹ سندھ کے عوام کو خسارے میں لے کر جا رہا ہے، اگر یہ بہترین بجٹ ہے تو خراب بجٹ کیا ہوگا۔ سندھ کا پیسہ دیگر صوبوں میں لگ رہا ہے۔ حکومتی بصیرت غائب نظر آرہی ہے۔ خزانے خالی ہوں کوئی بات نہیں، حکومتی بصیرت خالی نہیں ہونی چاہیے۔

Back to top button