آپریشن بنیان المرصوص: ‘پاکستان مخالف منصوبہ بندی کرنے والی کئی اہم شخصیات ہلاک’

پاکستان کی جانب سے آج علی الصبح بھارت کے خلاف جاری آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص میں پاکستان کے خلاف حملے کی منصوبہ بندی کرنے والی اہم شخصیات کے مارے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر اینکر پرسن اور تجزیہ کار حامد میر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے آپشنز کو استعمال کیا اور پاکستان ائیر فورس کے سائبر ونگ نے انڈیا کے اسٹریٹجک اداروں کی ویب سائٹس بھی ہیک کیں۔انہوں نے کہا پاکستانی ڈرونز نے نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے وہ مراکز جہاں سے پاکستان کے خلاف ریاستی دہشتگرددی کے منصوبے بنائے جا رہے تھے ان پر بھی حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت کی کچھ اہم شخصیات جو ایک فوجی اڈے پر پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہی تھیں ان کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں کچھ اہم شخصیات ماری گئیں مگر تاحال حکومتی ذرائع ان کی تصدیق نہیں کر رہے تاہم ان کے نام جلد سامنے آجائیں گے۔حامد میر نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی ائیر ڈیفنس سسٹم اور راجستھان ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کیا جبکہ ادھم پور ائیر فیلڈ کو مکمل طور پر زمین بوس کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان کی جانب بھارت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، اس وقت بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے ادھم پور ایئربیس، پٹھان کوٹ، سرسہ، سورت گڑھ ایئرفیلڈز، براہموس سٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو سمیت 12 اہداف کو تباہ کردیا گیا ہے۔’’سیسہ پلائی دیوار‘‘ کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، آپریشن کے دوران بھارتی علاقے بیاس میں براہموس میزائل کا ڈپو تباہ کردیا گیا، ایئر بیس ادھم پور اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا، ادھم پور ایئر بیس کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے آدم پور ایئر فیلڈ کو بھی نیست و نابود کر دیا گیا ہے، آدم پور ایئر فیلڈ سے پاکستان، امرتسر اور افغانستان پر میزائل داغے گئے تھے، بھارتی آرٹلری گن پوزیشن دہر نگیاری کو تباہ کر دیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے جی ٹاپ، سپلائی ڈپو اڑی کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے، سائبر اٹیک کے ذریعے بھارت کے 70 فیصد بجلی کے گرڈز کو ناکارہ کر دیا گیا جس کے باعث ہندوستان میں اندھیرا چھا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق جہاں سے پاکستان کے عوام اور مساجد پر حملے کئے گئے تھے ان کو فتح ون میزائل سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے، بھارت کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی جارہی ہیں۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے نوشہرہ میں پاکستان میں دہشت گردی کرانے والا بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کا تربیتی مرکز تباہ کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہی برنالہ ایئر فیلڈ کو بھی اڑا دیا گیا ہے، بھمبر گلی میں بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی جوابی کارروائی کا نشانہ بن گیا ہے۔بھارتی میڈیا نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں 26 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔