10 مئی کو پاکستان نے بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا: شہباز شریف

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ10مئی کو پاکستان کی افواج نے بھارت کی جارحیت کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کے "عظیم سفیر” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دن رات محنت کرکے نہ صرف پاکستان کی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی بھی قابل فخر انداز میں کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ سال اوورسیز پاکستانیوں نے اپنی محنت کی کمائی سے 38.5 ارب ڈالر وطن بھیجے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک بڑی مدد ہے۔ انہوں نے اوورسیز کمیونٹی کو پاکستان کے دفاع میں ان کے سیاسی کردار پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے 10 مئی 2025 کی "عظیم فتح” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کے لیے فیصلہ کن رہا، جب پاکستان پر پہلگام واقعے کے الزامات لگائے گئے۔ انہوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے بین الاقوامی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا تاکہ سچ سامنے آسکے، لیکن ہمسایہ ملک کی جانب سے کوئی ردعمل نہ آیا۔

وزیراعظم کے مطابق، اس کے بعد 6 مئی کو دشمن نے حملہ کیا جس میں نہتے شہری، مساجد اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، جس پر پاکستان کو اپنے دفاع میں بھرپور کارروائی کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ "ایک ہی جھٹکے میں دشمن کے 6 لڑاکا طیارے تباہ کر دیے گئے۔ چند گھنٹوں میں دشمن کو احساس ہو گیا کہ یہ معاملہ اب اس کی گرفت سے باہر جا رہا ہے۔” وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ حملے کے بعد ایک اعلیٰ عسکری عہدیدار نے رابطہ کر کے اجازت طلب کی کہ وہ دشمن کو ایسا سبق سکھائیں گے جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!