پاکستان اورچین کےمابین 4ارب ڈالرکی یاداشتوں پردستخط

بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان 4 ارب ڈالر مالیت کے زرعی شعبے کے 24 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین نے چینی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جہاں دونوں ملکوں نے زرعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعدد یادداشتوں پر اتفاق کیا۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ معاہدے پاکستان کی زرعی مشینری، بیج اور اسمارٹ ایگریکلچر میں نئی راہیں کھولیں گے، جبکہ پریسیژن ایگریکلچر کے ذریعے ڈیٹا پر مبنی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ زرعی تعاون نہ صرف پاکستان کے غذائی تحفظ کو یقینی بنائے گا بلکہ برآمدات کی صلاحیت کو بھی دگنا کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کی 215 ارب ڈالر کی زرعی درآمدی منڈی میں پاکستان کے لیے بڑے مواقع موجود ہیں اور پاکستان کم قیمت پر زرعی اجناس فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
