بارش سے متاثرہ دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کی کامیابی، سیریز 1-1 سے برابر

دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا مگر شراکت طویل نہ چل سکی۔ صائم ایوب 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق نے 26 رنز بنائے۔
کپتان محمد رضوان نے 16، حسین طلعت نے 31 اور سلمان آغا نے 9 رنز کی اننگز کھیلی۔ بارش کے باعث میچ تین بار رکا اور آخر کار 35 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے، جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز کو 181 رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کے تعاقب میں شرفین ردر فوریڈ نے 45 اور شائے ہوپ نے 32 رنز بنائے، جبکہ روسٹن چیز نے ناقابل شکست 49 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز نے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر اور 10 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی اور محمد نواز نے 2، 2 جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سیریز کا فیصلہ کن تیسرا میچ 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔
قومی اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان آغا، محمد رضوان( کپتان)، حسن نواز، حسین طلعت، محمد نواز، شاہین آفریدی، حسن علی، ابرار احمد شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کھلاڑیوں میں برینڈن کنگ، ایون لیوس، کیسی کارٹی، کپتان و وکٹ کیپر شائی ہوپ، شیرفین ردرفورڈ، روسٹن چیز، جسٹن گریوز، گڈاکیش موتی، شامر جوزف، جیڈن سیلز اور جیڈیا بلیڈز شامل تھے۔
ون ڈے کرکٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں 138 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں ویسٹ انڈیز نے 71 فتوحات حاصل کیں، پاکستان نے 64 میچ جیتے، جب کہ 3 مقابلے برابر رہے۔ اگرچہ مجموعی ریکارڈ میں ویسٹ انڈیز کو برتری حاصل ہے، لیکن حالیہ برسوں میں وہ پاکستان کے خلاف کمزور کارکردگی دکھا رہے ہیں، اور آخری بار 1991 میں کسی دو طرفہ سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی
