بین الاقوامی محاذ پر بھی پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں،فیلڈمارشل

فیلڈمارشل جنرل سید عاصم منیرکاکہناہے کہ بین الاقوامی محاذپربھی پاکستان نے نمایاں کامیاباں حاصل ہیں۔امریکہ کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدے کی بدولت بھاری سرمایہ کاری متوقع ہے۔
امریکا کے دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی عزت و وقار کا سرچشمہ ہیں اور یہ ’برین ڈرین‘ نہیں بلکہ ’برین گین‘ ہیں۔ انہوں نے بھارت کے خود کو ’وشوا گرو‘ کے طور پر پیش کرنے کے دعوے کو عملی طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی سرحد پار دہشت گرد سرگرمیوں پر عالمی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل، قطر میں 8 بھارتی نیول افسران کے معاملے اور کلبھوشن یادیو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف کامیاب سفارتی جدوجہد کی ہے۔ بھارتی جارحیت نے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی اور معصوم شہریوں کو شہید کیا، جس سے خطہ خطرناک تصادم کے قریب پہنچ گیا۔
فیلڈ مارشل نے صدر ٹرمپ کی اسٹریٹجک قیادت کو سراہا جس کے نتیجے میں نہ صرف پاک-بھارت جنگ ٹلی بلکہ دنیا کے کئی محاذوں پر جاری جنگوں کو روکنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور بڑے تنازع سے بچنے میں کامیاب رہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے، جس پر اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، اور پاکستان ان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔
امریکا کے ساتھ بڑھتے تعلقات پر بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ محض ڈیڑھ ماہ میں ان کا دوسرا دورہ پاک-امریکا تعلقات میں نئی جہت کا عکاس ہے، جس کا مقصد تعلقات کو پائیدار اور مثبت سمت دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے ساتھ مختلف معاہدوں پر عمل درآمد جاری ہے جو معاشی تعاون اور سرمایہ کاری میں اضافہ کریں گے۔
انہوں نے غزہ میں جاری نسل کشی کو بدترین انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے کئی دہشت گرد تنظیمیں، جن میں فتنہ الخوارج شامل ہے، پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں۔ دہشت گردوں کے لیے کوئی ہمدردی نہیں اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
سوشل میڈیا کے حوالے سے فیلڈ مارشل نے کہا کہ یہ ایک طاقتور ذریعہ ہے مگر ملک دشمن عناصر اسے افراتفری پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی خبر کو تصدیق کے بغیر نہ مانیں تاکہ بعد میں پشیمانی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد نوجوان آبادی بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے اور یہ ملک کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔
