پاکستان ناروے کا تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق

پاکستان اور ناروے نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع، موسمیاتی تبدیلی، آئی ٹی اور بحری امور سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے ایک روزہ دورے پر آسلام اباد پہنچے اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ امن کے فروغ کے لیے پاکستان اور ناروے پاک بھارت اور ایران امریکا کشیدگی کے دوران مسلسل رابطے میں رہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارتی صلاحیت میں اضافے کے مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک اہم امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور کثیر الجہتی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہیں۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ساختی نظام وضع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے دوران پاکستان کی فعال ثالثی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اس سے قبل نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان وزارت خارجہ میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے نارویجن ہم منصب کا پاکستان آمد پر خلوص خیرمقدم کیا۔ اس سے قبل ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارث ایدے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو پہنچے۔
