دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے بے مثال قربانیاں دیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا، اور اس ناسور کو بہادری، عزم و قربانی کے ذریعے شکست دی۔
دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے شکار متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔ یہ یکجہتی ہمارے قومی خلوص، ہم دردی اور یکجہتی کے جذبات کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہری، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دیں۔ یہ جنگ صرف ایک چیلنج نہیں تھی بلکہ ایک ایسا امتحان تھا جس میں پوری قوم متحد رہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد اور ان کے بزدلانہ حملے ہماری قومی غیرت، امن و ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جب کہ ملکی معیشت کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر شہر، گاؤں، بازار، اسکول اور سڑک ان قربانیوں کی گواہ ہے۔ قوم جہاں ان سانحات پر غمزدہ ہے، وہیں اپنے شہداء اور ہیروز پر فخر بھی کرتی ہے۔ ہماری نوجوان نسل یہ عزم لے کر پروان چڑھ رہی ہے کہ وطن کی سلامتی اور امن کا تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے، انٹیلی جنس ایجنسیاں بھرپور طریقے سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے آپریشن ضربِ عضب، آپریشن ردالفساد اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا، جب کہ سول اور ملٹری انٹیلیجنس اداروں نے متعدد حملوں کو بروقت ناکام بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جامع حکمتِ عملی کا مظہر ہے، جو نظریاتی، انتظامی، ادارہ جاتی اور بیانیاتی سطح پر مؤثر اقدامات پر مشتمل ہے۔
آخر میں شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد اور یکسوئی ہی امن، استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہے، اور بحیثیت قوم ہم اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔
