ایران پر امریکی پابندیاں، چین کا اپنے مفادات کے تحفظ کےلیے اقدامات کا اعلان

ایران کے خلاف امریکا کی جانب سے نئی اور سخت معاشی پابندیوں کے اعلان کے بعد چین نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے اقتصادی مفادات کے تحفظ کےلیے ضروری اقدامات کرے گا۔
پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا کہ چین متعدد مرتبہ واضح کرچکا ہے کہ وہ غیرقانونی یک طرفہ پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کےلیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ پابندیاں مسائل کے حل میں مددگار نہیں ہوسکتیں، معاشی جنگ اور دباؤ تنازعات کو مزید ہوادے سکتے ہیں،یکطرفہ پابندیاں عالمی اقتصادی اور مالیاتی نظام کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
ایران کے خلاف فیصلہ کن اقتصادی کارروائی شروع کی جارہی ہے: امریکی وزیر خزانہ
خیال رہے کہ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔امریکی وزیرخزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایران کےخلاف حالیہ پابندیوں کو تاریخ کی سب سے بڑی مالیاتی کارروائی قراردیا ہے۔
امریکی وزیرخزانہ نے ایران کےخلاف اس اقدام کو اقتصادی ڈی ڈے قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ تمام معاشی روابط منقطع کردے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ مالی شراکت داری رکھنےوالے ممالک کو بھی عالمی اقتصادی نظام سے الگ تھلگ کردیا جائے گا۔
