مسلم لیگ ن کے طارق فاروق سپیکر آزادکشمیر اسمبلی منتخب

مسلم لیگ ن کے طارق فاروق آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوگئے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں سپیکر کےلیے پولنگ کے عمل میں مسلم لیگ ن کے طارق فاروق 32 ووٹ لے کر سپیکر منتخب ہوئے جب کہ پیپلزپارٹی کے چوہدری قاسم مجید 14 ووٹ حاصل کرسکے۔
ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے احمد رضا قادری 32 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائے جب کہ عامر غفار لون کو 14 ووٹ ملے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کےلیے 8 مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں مسلم لیگ ن نے 6 اور پیپلزپارٹی نے دو پر کامیابی حاصل کی تھی۔
آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 46 اراکین نے حلف اٹھایا تھا، مسلم لیگ ن نے مجموعی طور پر 31 نشستوں اور پیپلزپارٹی 14نشستوں پر کامیابی سمیٹی، عوامی دست وبازو کی ایک نشست پر مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کے بعد مسلم لیگ ن کی 32 نشستیں ہیں جب کہ پونچھ اور سدھنوتی میں تاحال انتخاب نہ ہونے کے باعث 7 اراکین کے بغیر حکومت سازی کا عمل سرانجام دیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ چوہدری طارق فاروق حالیہ عام انتخابات میں بھمبر سے کامیاب ہوئے اور انہوں نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو شکست دی۔ایل اے 7 بھمبر 3 ان کا آبائی حلقہ ہے۔ وہ اس سے قبل بھی اہم حکومتی اور پارلیمانی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں،جن میں 2016 سے 2021 تک آزادکشمیر کے سینئر وزیر،چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کے عہدے شامل ہیں۔وہ متعدد مرتبہ وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
