پی آئی اے کو برطانیہ کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

قومی ایئر لائن پی آئی اے کو بالآخر برطانیہ کے لیے مسافر بردار اور کارگو پروازیں چلانے کی باضابطہ اجازت مل گئی ہے، جس سے برطانوی فضائی آپریشن کی بحالی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
پی آئی اے کو تھرڈ کنٹری آپریٹر (TCO) کی منظوری مل چکی ہے، جس کے تحت اب قومی ایئر لائن براہ راست پروازیں آپریٹ کر سکے گی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی آپریشن کا آغاز اگلے ماہ سے متوقع ہے، جس کا پہلا مرحلہ مانچسٹر کی پروازوں پر مشتمل ہوگا، بعد ازاں لندن اور برمنگھم کو بھی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔
برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے باضابطہ طور پر پی آئی اے کو آگاہ کرتے ہوئے آئندہ پانچ سال کے لیے پروازوں کی منظوری اور سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے۔
اس منظوری کے تحت پی آئی اے کو ہمہ جہتی آپریشن کی اجازت حاصل ہو گئی ہے، جس میں نہ صرف مسافر بلکہ کارگو سروس بھی شامل ہے۔
پی آئی اے کے سی ای او نے وزیراعظم پاکستان، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزارت دفاع، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی مسلسل حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ترجمان کے مطابق سی ای او نے ان تمام ٹیم ممبران کی بھی تعریف کی جنہوں نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سخت آڈٹس کا سامنا کیا اور کامیابی کے ساتھ انہیں مکمل کیا۔ا
