پاکستان آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا

پاکستان آئندہ ماہ جولائی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ہونےوالی اس ملاقات میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو سلامتی کونسل کے مجوزہ پروگرام آف ورک سے تفصیل سے آگاہ کیا۔
اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی صدارت کو شفاف، مشاورتی اور شمولیتی انداز میں چلانے کےلیے پُرعزم ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان عالمی امن و سلامتی سے متعلق اہم اور فوری نوعیت کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس دوران مشرق وسطیٰ کی تشویشناک صورت حال، یورپ، ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکا میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور اقوام متحدہ کے امن مشنز کے کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔
عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری اور تنازعات کے پُر امن حل کے ذریعے عالمی امن کے فروغ کےلیے رکن ممالک کے مضبوط عزم پر زور دیا۔
انہوں نے درپیش عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کےلیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی اور کثیرالجہتی سفارت کاری اور تنازعات کی روک تھام سے متعلق سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔