پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات کامیاب

پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے آئندہ ہفتے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک کے درمیان ورچوئل اجلاس ہوا، جس میں باہمی ٹیرفس اور تجارتی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے مذاکرات کی موجودہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا، اور عندیہ دیا کہ معاہدہ آئندہ ہفتے تک خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا جائے گا۔
مزید برآں، مذاکرات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ معاہدے کے بعد ایک جامع شراکت داری قائم کی جائے گی جو دونوں ممالک کے باہمی مفادات کا احاطہ کرے گی۔ اس شراکت داری میں تجارتی، سرمایہ کاری اور اسٹریٹیجک شعبے شامل ہوں گے۔
اجلاس میں گفتگو کا محور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید گہرا اور مؤثر بنانا تھا، تاکہ باہمی فوائد کو یکساں طور پر یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت خزانہ کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتے مکمل ہونے کا امکان ہے، اور دونوں ممالک نے جلد از جلد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔