وزیراعظم کاسہیل آفریدی کو فون،وزیراعلیٰ منتخب ہونےپرمبارکباددی

وزیراعظم شہبازشریف کاسہیل آفریدی کو ٹیلیفون،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامنتخب ہونے پرمبارکباد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سہیل آفریدی کوکہا کہ پاکستان کے مفاد میں وفاق آپ کے ساتھ مل کر چلنےکو تیار ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کاکہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے مبارکباد کیلئے کال کی، ان سے کہا عمران خان سے ملاقات کروائیں مگر کوئی جواب نہیں ملا۔
سہیل آفریدی کا اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کابینہ کی تشکیل کا فیصلہ عمران خان سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے خواہش مند ہیں لیکن انہیں اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ یہ سوچنے کی بات ہے، ایک صوبے کا وزیراعلیٰ اپنے بانی سے ملنا چاہتا ہے مگر اجازت نہیں دی جا رہی، یہ کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ جمہوری عمل کا سوال ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا نے باقاعدہ طور پر وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو مراسلہ ارسال کیا ہے تاکہ وزیراعلیٰ کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کیلئےضروری انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کی سیاست کرتی ہے، فرض کریں اگر عدالتیں ہمیں انصاف نہ دیں، ہم انصاف کے تمام دروازے کھٹکھٹائیں اور ہمیں پھر بھی انصاف نہ ملے تو پُرامن احتجاج واحد حل ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ پُرامن احتجاج کیا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ قائداعظم کی تصویر دفترسےہٹانے کی بات میں کوئی سچائی نہیں ہے، جو یہ بات کر رہے ہیں ان کو قائداعظم کی تصویر صرف نوٹوں پر نظر آتی ہے،میرے آفس میں انہیں یہ تصویر نظر نہیں آتی۔ وہاں پر قائداعظم کی تصویر بھی تھی اور پاکستان کا جھنڈا بھی۔
