وزیراعظم نےترک کمپنیوں کو سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دیدی

وزیراعظم شہباز شریف سےجمہوریہ ترکیہ کے توانائی اور قدرتی وسائل کے وزیر الپرسلان بیریکتر کی ملاقات،ترک کمپنیوں کوسرمایہ کاری کی دعوت بھی دیدی۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ترکیہ کے ساتھ بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے توانائی، پیٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیاکہ ترکش پیٹرولیم نے پاکستان میں تیل کی تلاش کے حوالے سے آف شوراور آن شور سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کی ہے جو توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کی توانائی کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت بھی دی۔

اس سال صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ اپنی متعدد ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تیزی سے بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی ماحول کے پیش نظر دونوں فریقوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فریقین کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کا وزارتی وفد جلد ہی ترکیہ کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص توانائی اور بجلی کے شعبے میں مزید تعاون تلاش کیا جا سکے۔

Back to top button